وزیراعظم کا ایم کیو ایم کو منانے کا ٹاسک بے سود ثابت ہوگا، رانا ثنا اللہ

Last Updated On 12 January,2020 10:34 pm

فیصل آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے رہنما کا کہنا تھا کہ ان ہاؤس تبدیلی کی کوششیں ہمارا جنون ہے۔ پی ٹی آئی جتنی جلدی قوم کی جان چھوڑ دے، ملک کے لیے اتنا ہی اچھا ہے۔

فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کی اکثریت ایک جیسی ہے۔ آج جو پیش رفت ہوئی، اس سے اگلے تین اور چھ ماہ میں حکومت ختم ہو سکتی ہے۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ عوام کا مہنگائی کی وجہ سے برا حال ہو چکا ہے۔ ہمارے دور میں لوگوں کو مفت ادویات دی جاتی تھیں، مگر یہ سہولت اب ختم ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام سے دو وقت کا کھانا بھی چھین لیا ہے۔ حکومتوں کا کام عوام کو سہولیات دینا ہوتا ہے لیکن پی ٹٰی آئی نے عوام کو نیچے دھکیل دیا۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آرمی ایکٹ کی حمایت کا اعلان مسلم لیگ (ن) کا فیصلہ تھا۔ ملک کے ادارے کی خاطر یہ فیصلہ کیا گیا۔ ہم نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق انھیں ووٹ دیا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ وزیراعظم کا ایم کیو ایم کو منانے کا ٹاسک بے سود ثابت ہوگا۔ ایم کیو ایم اگر دوبارہ ان کی اتحادی بنے گی تو واپس چلی جائے گی۔

 

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ ووٹ کو عزت دینے کا نعرہ نواز شریف نے لگایا مگر اب ہر ووٹر یہ ہی نعرہ لگا رہا ہے۔ معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کے پرس سے بھی بہت کچھ نکل سکتا ہے۔