اسلام آباد: (دنیا نیوز) فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں برطانوی گواہوں کے بیانات ریکارڈ کرانے کے لیے پھر وقت طلب کر لیا ہے۔
ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کی سماعت انسداد دہشتگردی عدالت کے جج شاہ رخ ارجمند نے کی۔ دوران سماعت تینوں ملزمان خالد شمیم، محسن علی اور معظم علی کو عدالت پیش کیا گیا۔
ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر خواجہ امتیاز نے غیر ملکی گواہوں کے بیانات ریکارڈ کرانے کے لیے مہلت طلب کی جس پر عدالت نے پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ گواہوں کے وڈیو لنک کے ذریعے بیانات ریکارڈ کرانے کے لیے کتنا وقت درکار ہے؟
اس پر پراسیکیوٹر نے استدعا کی کہ ایک ماہ کا وقت دیا جائے۔ عدالت نے ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر کی استدعا منظور کرتے ہوئے حکم دیا کہ ایک ماہ کے بعد مزید وقت نہیں دیا جائے گا۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 17 فروری تک ملتوی کر دی ہے۔