اسلام آباد: (دنیا نیوز) اتحادیوں کے تحفظات دور کرنے کے لئے حکومت متحرک، حکومتی کمیٹی آج بی این پی مینگل کے وفد سے ملاقات کرے گی، کمیٹی میں جہانگیر ترین، پرویز خٹک اور ارباب شہزاد شامل ہیں۔
اس سے قبل وزیر اعظم کی ہدایت پر حکومتی کمیٹی نے ق لیگ اور بلوچستان عوامی پارٹی کے وفد سے ملاقاتیں کیں اور تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ ق لیگ سے ملاقات میں وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار، پرویز خٹک اور جہانگیر ترین شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق عثمان بزدار نے کہا کہ عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے ق لیگ کو ساتھ لے کر چلیں گے، سازشیں کرنے والے کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ ق لیگ کو یقین دلایا گیا کہ چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب کو آپ کے ساتھ ورکنگ ریلیشن شپ بہتر بنانے کی ہدایت کر دی گئی ہے، تمام معاہدے بھی پورے کئے جائیں گے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ یقین دہانی کروائی گئی ہے کہ متعلقہ اضلاع میں ق لیگ کے ارکان اسمبلی اور پارٹی رہنما مکمل با اختیار ہوں گے۔