اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی حکومت نے چھوٹے کاروبار کے فروغ کے سلسلے میں چھابڑی فروشوں کے کام کو باضابطہ بنانے کا فیصلہ کرلیا۔ چھابڑی فروشوں کے حقوق کے تحفظ کے ساتھ ساتھ کاروبار کو بھی لائسنس سے مشروط کر دیا۔
دنیا نیوز کو دستیاب چھابڑی فروشوں کے لیے تیار مسودہ قانون کے مطابق کاروبارکے لیے 5 سال کا لائسنس لینا ہو گا، 500 روپے ماہانہ فیس بھی دینا ہوگی، یہ لائسنس کسی اور کے نام منتقل بھی نہیں ہو سکے گا۔
بلدیاتی حکومت چھابڑی فروش کا علاقہ بدل سکے گی، عمل نہ کرنے پر سامان ضبط کر لیا جائے گا تاہم نقل مکانی پر رضامندی کی صورت میں بلدیاتی عملہ سامان اور نقصان ادا کرنے کا پابند ہوگا۔ بے جا تنگ کرنے پر بلدیاتی حکومتی عملہ کے لیے بھی سزا کی تجویز کی گئی ہے۔
بل میں کہا گیا ہے کہ کسی وجہ کے بغیر اشیا ضبط کرنے پر متعلقہ اہلکار کو 20 ہزار جرمانہ ہو گا، چھابڑی فروش کی اشیا ضبط کرنا قابل ضمانت جرم ہوگا۔