کورونا مزید 2 زندگیاں نگل گیا، اموات 93 ہوگئیں، متاثرہ افراد کی تعداد 5374 ہوگئی

Last Updated On 13 April,2020 05:17 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 5 ہزار 374 تک پہنچ گئی۔ جبکہ مزید 2 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 93 ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 336 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں سب سے زیادہ 2594، سندھ میں 1411، خیبر پختونخوا میں 744، بلوچستان میں 230، گلگت بلتستان میں 224، اسلام آباد میں 131 جبکہ آزاد کشمیر میں 40 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 65 ہزار 114 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3233 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 1095 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

پاکستان میں کورونا سے مزید 2 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 93 ہوگئی۔ سندھ میں 30، پنجاب میں 23، خیبر پختونخوا میں 34، گلگت بلتستان میں 3، بلوچستان میں 2 اور اسلام آباد میں ایک مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ اب تک 462 ہسپتالوں میں قائم قرنطینہ مراکز مریضوں کا علاج جاری ہے، ان ہسپتالوں میں 7295 بیڈز کا بندوبست کیا گیا ہے۔

پنجاب

پنجاب میں کورونا وائرس کے 169 نئے مریضوں کی تصدیق کی گئی۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے ٹویٹ میں بتایا کہ صوبے میں مزید 2 اموات کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 23 اور مریضوں کی مجموعی تعداد 2594 ہوگئی ہے۔ جن میں 701 زائرین، 821 تبلیغی جماعت کے ارکان، 89 قیدی اور 983 عام شہری ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سب سے زیادہ مریض لاہور میں 434، ننکانہ صاحب 16، قصور 9، شیخوپورہ 10، راولپنڈی 71، جہلم 27، چکوال 4، گوجرانوالہ 38، سیالکوٹ 27، نارووال 8، گجرات 135، حافظ آباد 12، منڈی بہاؤالدین 8، ملتان 23، وہاڑی 19، فیصل آباد 31، چنیوٹ 8، ٹوبہ ٹیک سنگھ 2، جھنگ 1، رحیم یار خان 41، سرگودھا 8، میانوالی 10، خوشاب 4، بہاولنگر 5، بہاولپور 6، لودھراں 3، ڈی جی خان 18، لیہ، اوکاڑہ، اٹک میں ایک ایک مریض ہے۔

صوبہ میں 10 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ گزشتہ روز میو ہسپتال میں مزید 7 غیر ملکی اور 4 مقامی مریض صحت یاب ہوگئے جس کے بعد لاہور کے ہسپتالوں سے ڈسچارج ہونیوالے مریضوں کی تعداد 76 ہوگئی۔

ادھر لاہور کے علاقے سوڈیوال کی سکندریہ کالونی کی گلی میں کورونا وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد 42 ہو گئی ہے، تین روز قبل یہاں صرف 10 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی، اگلے روز مزید 10 مریض آئے اور گزشتہ روز 22 نئے کیسز کی تصدیق ہوگئی۔ پولیس کے مطابق 57 گھروں پر مشتمل سکندریہ کالونی کی گلی کو مکمل لاک ڈاؤن کیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور ٹائیگر فورس کی جانب سے متاثرہ گھروں میں راشن، ادویات اور دیگر ضروری سامان پہنچایا جا رہا ہے۔

علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سوشل میڈیا بیان کے ذریعے بتایا کہ جہاں پاکستان کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں مصروف ہے وہیں ڈی جی خان سے ایک اچھی خبر بھی ہے۔ عثمان بزدار نے بتایا کہ 775 زائرین بشمول 175 وہ جن کے ابتدائی ٹیسٹ مثبت آئے تھے مکمل طور پر صحت یاب ہو کر اپنے گھروں کو جا چکے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ڈی جی خان قرنطینہ مرکز میں صرف 74 زائرین باقی رہ گئے ہیں جن کا ہر طرح سے خیال رکھا جا رہا ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب نے بھی ڈپٹی کمشنرز سمیت متعلقہ اداروں کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ شفا پانے والے مریضوں کو اپنے گھروں میں جانے کی اجازت ہے۔ تاہم قرنطینہ میں 14 دن مکمل کرنے اور ٹیسٹ منفی آنے والوں کو اپنے اپنے صوبوں میں جانے کے لیے پرفارما جاری کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنرز کی طرف سے جاری ہونیوالا فارم اے ایک ضلع سے دوسرے اور فارم بی پنجاب سے دوسرے صوبوں میں جانے والوں کیلئے جاری کیا جائے گا۔

سندھ

سندھ میں مزید 93 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 1411 ہوگئی ہے۔ محکمہ صحت نے بتایا کہ تمام نئے کیسز کراچی میں رپورٹ ہوئے جس کے بعد صرف کراچی میں مجموعی کیسز کی تعداد 896 ہوگئی۔ مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ مزید 18 افراد صحت یاب ہو کر گھروں کو جا چکے ہیں اور اب تک 389 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر مرتضیٰ وہاب نے بتایا ہے کہ کراچی میں مزید 2 مریض جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 30 ہوگئی، گزشتہ روز جاں بحق ہونیوالوں میں 59 سالہ مرد اور 64 سالہ خاتون شامل ہیں۔

ادھر رپورٹ کے مطابق کراچی میں بیرون ملک سے آئی دلہن نے 18 رشتے داروں کو کورونا وائرس سے متاثر کر دیا۔ چراغ کالونی میں 24 مثبت کیسز رپورٹ ہونے کے بعد علاقے کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے۔ محکمہ صحت کے حکام نے بتایا کہ یہ فیصلہ گلستان سوسائٹی میں ایک ہی خاندان کے 19 افراد کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد کیا گیا۔

وائرس کا یہ پھیلاؤ برطانیہ سے آئی لڑکی کی شادی کی تقریب کے بعد دیکھا گیا۔ شادی کے فوری بعد دلہن کی طبیعت خراب ہوئی اور اس کا کووڈ 19 کا ٹیسٹ مثبت آیا جبکہ ساتھ ہی اس کے 18 دیگر رشتہ دار بھی وائرس سے متاثر ہوگئے۔

خیبر پختونخوا

خیبر پختونخوا کے محکمہ صحت نے 47 نئے کیسز کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ صوبہ میں مریضوں کی تعداد 744 ہوگئی جبکہ مزید 3 مریض جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتیں 34 تک پہنچ گئی ہیں۔

ٹوئٹر پر جاری بیان میں محکمہ صحت نے بتایا کہ جاں بحق ہونیوالے تینوں افراد کا تعلق تبلیغی جماعت سے تھا اور ان کی عمریں 52، 65 اور 80 سال تھیں۔ پختونخوا میں مزید 3 مریض صحت یاب ہوگئے جس کے بعد مرض سے صحت یاب ہونیوالوں کی تعداد 145 ہوگئی۔

بلوچستان

بلوچستان میں بھی کورونا وائرس کے 2 کیسز سامنے آئے۔ ترجمان لیاقت شہوانی نے بتایا کہ صوبے میں متاثرین کی تعداد 230 ہوگئی۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں اب تک 119 مریض صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔

اسلام آباد

سرکاری سطح پر اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق اسلام آباد میں کورونا وائرس کے 18 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ۔ جس کے بعد اسلام آباد میں کیسز کی تعداد بڑھ کر 131 تک پہنچ گئی۔

ادھر پیرودھائی کے علاقہ بدر کالونی میں کورونا کے نئے مریض کی اطلاع پر پولیس اور محکمہ صحت کی ٹیمیں پہنچ گئیں، متاثر شخص کو قرنطینہ میں منتقل کر کے علاقہ سیل کر دیا گیا، پولیس کے مطابق بدر کالونی پیرودھائی میں محمد شریف نامی شخص میں کورونا کی تصدیق ہوئی جس پر پولیس اور محکمہ صحت کی ٹیم نے اسے فوری راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف یورالوجی منتقل کر دیا۔ پولیس نے متاثرہ شخص کے گھر اور گلی کو دونوں اطراف سے سیل کر دیا۔

دوسری جانب راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف یورالوجی میں قائم کورونا مینجمنٹ سینٹر سے کورونا کے 7 مریض صحت یاب ہو کر گھر چلے گئے، ڈسچارج ہونے والے مریضوں میں نور زیب، انور، فرزانہ، اعجاز، وقاص، حسن اور عثمان شامل ہیں، ریسکیو 1122 کے 7 اہلکاروں کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ کروایا گیا جو کہ تمام اہلکاروں کا منفی آیا ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں مزید 8 کیسز سامنے آگئے۔ محکمہ صحت کے ترجمان کے مطابق ان میں 6 کا تعلق ضلع استور اور 2 کا تعلق ضلع نگر سے ہے۔ گلگت بلتستان میں مریضوں کی مجموعی تعداد 224 ہوچکی ہے۔

آزاد کشمیر

آزادکشمیر میں 5 نئے کیسز کی تصدیق کے بعد مجموعی تعداد 40 ہوگئی گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران بھمبرمیں 3 اور میرپور کے 2 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو ئی ہے جبکہ مزید 96 افراد کے کورونا ٹیسٹ منفی آنے پر انہیں مختلف قرنطینہ سینٹرز سے ڈسچارج کر دیا گیا۔

محکمہ صحت عامہ آزادکشمیر کی رپورٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں اب تک کورونا وائرس کے ممکنہ کیسز میں کل 910 افراد کے ٹیسٹ لئے گئے، 830 کے نتائج آچکے، 40 افراد میں کورونا وائرس کی موجودگی پائی گئی ہے، 790 افراد کے کورونا ٹیسٹ منفی آئے جبکہ 80 افراد کے ٹیسٹ کا رزلٹ آنا باقی ہے۔

وزیر صحت ڈاکٹر نجیب نقی نے بتایا کہ میرپور کے علاقے ڈڈیال سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کورونا وائرس سے متاثر ہوئی جو برطانیہ سے واپس آئی تھی۔ بھمبر سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون اور ایک 14 سالہ بچہ بھی نئے مریضوں میں شامل ہے جنہوں نے بیرون ملک سفر نہیں کیا تھا جبکہ محکمہ صحت کے ایک لیب ٹیکنیشن میں بھی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔