اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کا اٹلی کے وزیراعظم سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں عمران خان نے انہیں دورہ پاکستان کی دعوت دیدی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور اٹلی کے وزیراعظم کونتے کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، دونوں رہنماؤں کے درمیان کورونا وباء سمیت مختلف امور پر گفتگو کی گئی جبکہ وزیراعظم نے اٹلی میں کورونا کے باعث ہونے والی ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے اطالوی ہم منصب کو پاکستان میں وائرس کے تدارک کے لیے اقدامات سے آگاہ کیا اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے کریک ڈاون اور خدشات سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنا اقوام متحدہ کی قراردادوں اور جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کی حکومتی پالیسیاں خطے کے امن کے لیے خطرہ ہیں، کورونا وباء کے دوران بھارتی مسلمانوں کے ساتھ سلوک پر عالمی برادری آواز اٹھائے۔