لاہور: (دنیا نیوز) عوامی جمہوریہ چین کی جانب سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف کو معاونت اور علاج کی ایک بار پھر پیشکش کر دی گئی، عوامی جمہوریہ چین کے قونصل جنرل لانگ دینگ بِن نے شہباز شریف کو خط لکھ کر علاج کی پیشکش کی۔
عوامی جمہوریہ چین کے قونصل جنرل لانگ دینگ بِن نے شہباز شریف کے نام اپنے خط میں کہا ہے کہ کورونا سے آپ کے متاثر ہونے کی اطلاع پر بے حد دکھ ہے، آپ سے دلی ہمدردی ہے۔ آپ کو ہر طرح کی معاونت کی فراہمی کی پیشکش کرتے ہیں۔ دعا ہے کہ آپ جلد صحت یاب ہوں۔ سدابہار سٹرٹیجک کوآپریٹو پارٹنرز کے طورپر کورونا کے خلاف چین کی حمایت پر پاکستان کے شکرگزار ہیں۔ کورونا وائرس پر قابو پانے تک چین پاکستان کی ہر طرح کی مدد کے لئے تیار ہے
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ سی پیک کی تعمیر کے لئے آپ کی غیرمعمولی کارکردگی ہمیں بہت اچھی طرح سے اب بھی یاد ہے، دینگ بِن نے خط میں کہاکہ اورنج لائن، کوئلے سے بجلی پیدا کرنے والا ساہیوال کا منصوبہ آپ کی غیرمعمولی کاوش کا مظہر ہے۔ وزیراعلی پنجاب کے طورپر آپ نے چین پاکستان کی دوستی بڑھانے میں کردار ادا کیا۔ مستقبل قریب میں آپ سے تعاون کے لئے چشم براہ ہوں۔