اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کا وفاق کا ٹیکس جمع نہ کرنیکا فیصلہ ٹکراؤ کے مترادف ہے۔ صوبہ ٹیکس جمع کرنے سے انکار نہیں کرسکتا۔
پروگرام دنیا کامران خان کے ساتھ میں میزبان سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر عمران اسماعیل نے کہا کہ وفاقی حکومت قانونی ٹیم سے مشاورت کے بعد جواب دے گی، وفاق کے پاس آپشنز ہیں، لگتا ہے سندھ حکومت وفاق کے ساتھ نہیں چلنا چاہتی، آرٹیکل 149 کے تحت وفاق براہ راست ایکشن لے سکتا ہے، وزیراعلیٰ کو مشیران غلط مشورے دے رہے ہیں۔
اس معاملے پر سینئر قانون دان سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ یہ معاملہ معمولی نہیں ہے، بلکہ یہ افسوسناک ہے، آئین کے آرٹیکل 146 میں دو صورتیں ہیں، اگر وفاقی حکومت انتظامی نوعیت کی کوئی درخواست کرے تو اس صورت میں صوبے کی صوابدید ہے، کرے یا نہ کرے۔ صوبہ یہ درخواست رد کرسکتا ہے، اگر مجلس شوریٰ یا پارلیمنٹ قانون بنا کر صوبے پر کوئی ذمہ داری عائد کرتی ہے تو اس صورت میں صوبہ انکار نہیں کرسکتا۔