وادی: (دنیا نیوز) کشمیری آج بھارتی یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منا رہے ہیں، قابض فورسز نے خوف کے مارے مقبوضہ وادی کو چھاؤنی میں تبدیل کر دیا، ایل او سی کے دونوں اطراف عوام احتجاج کر رہے ہیں۔
مقبوضہ کشمیر میں آج مکمل شٹر ڈاؤن ہے، جگہ جگہ ریلیوں کے پروگرام نے بھارت کو خوف میں مبتلا کر دیا۔ کشمیریوں کو احتجاج سے روکنے کے لیے بھارتی قابض فوج نے ایک سال سے جاری فوجی محاصرہ مزید سخت کر دیا، پوری وادی کو چھاؤنی میں تبدیل کر دیا گیا، انٹرنیٹ کا بلیک آؤٹ کر دیا گیا، ہر جگہ ناکے ہیں۔
بزرگ حریت رہنما سیدعلی گیلانی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ دوسروں کے حق آزادی دبانے والی قوم کو یوم آزادی منانے کا حق نہیں۔ بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں کشمیریوں کی حمایت میں ریلیاں نکالی جا رہی ہیں۔
اس سے قبل کشمیریوں نے 14 اگست بھرپور انداز میں منایا، سری نگر کے علاقے صورہ میں سبز ہلالی پرچم کیساتھ پریڈ کی گئی۔ بھارتی سنگینی سے بے خوف نوجوانوں نے جیوے جیوے پاکستان کے نعرے لگائے۔