اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر عارف علوی نے عالمی برادری پر بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر میں مظالم کا نوٹس لینے پر زور دیا ہے۔
بین الپارلیمانی یونین کی صدر گیبریلا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام سخت اذیت میں مبتلا ہیں۔ قابض بھارتیوں نے انھیں پابند سلاسل کیا ہوا ہے اور اقوام متحدہ کی قرادادوں کی کھلم کھلا خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
اس سے قبل بین الپارلیمانی یونین کی صدر نے اسلام آباد میں چیئرمین سیینٹ محمد صادق سنجرانی سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا اور ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم عمران خان سے بھی بین الپارلیمانی یونین کی صدر کی ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے تعاون بڑھانے، کوویڈ 19 اور خطے کی سیکیورٹی پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم نے گبریلا بیرون کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ پارلیمانی ڈپلومیسی میں ان کا کردار اہم ہے۔ انہوں نے کورونا وائرس کے باعث صحت کے شعبے کو درپیش چیلنجز سے آگاہ کیا اور انھیں بتایا کہ حکومت کا فوکس لوگوں کی زندگیاں بچانے اور معیشت کی بحالی تھا۔ پاکستان کی سمارٹ لاک ڈاؤن پالیسی اور دیگر اقدامات سے بہتری آئی۔
وزیراعظم نے انھیں ہندوتوا پالیسی سے بھی آگاہ کیا اور کہا کہ بھارت میں اقلیتوں کو سنگین خطرہ درپیش ہے۔ بھارت کی ہندوتوا پالیسی خطے میں امن وامان کے لیے بھی خطرہ ہے۔