اسلام آباد: (دنیا نیوز) شادی ہالز کورونا کے پھیلاؤ کا سبب، این سی او سی نے خطرے کی گھنٹے بجا دی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے سخت ایس او پیز جاری کر دئیے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے کہا ہے کہ شادی ہال میں انڈور 300 اور آؤٹ ڈور 500 افراد کی اجازت ہوگی، شادی ہال میں ایونٹ کا دورانیہ 2 گھنٹے ہوگا، شادی ہالز میں ان ایس او پیز پر سختی سے عمل کرایا جائے، ایس او پیز کی خلاف ورزی پر شادی ہال بھاری جرمانے کیساتھ مخصوص ٹائم کیلئے بند کر دیئے جائیں، شادی ہال کورونا وائرس میں ہائی رسک پر ہیں، 15 ستمبر کو کورونا وائرس میں کمی دیکھتے ہوئے شادی ہالز کھولے گئے۔
خیال رہے کورونا وائرس سے 8 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 6 ہزار 552 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 17 ہزار 595 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 661 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 330، سندھ میں ایک لاکھ 39 ہزار 571، خیبر پختونخوا میں 38 ہزار 219، بلوچستان میں 15 ہزار 480، گلگت بلتستان میں 3 ہزار 893، اسلام آباد میں 17 ہزار 122 جبکہ آزاد کشمیر میں 2 ہزار 980 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 37 لاکھ 95 ہزار 287 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 33 ہزار 898 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 3 لاکھ 2 ہزار 708 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 493 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 8 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 6 ہزار 552 ہوگئی۔ پنجاب میں 2 ہزار 248، سندھ میں 2 ہزار 541، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 263، اسلام آباد میں 188، بلوچستان میں 146، گلگت بلتستان میں 89 اور آزاد کشمیر میں 77 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔