آصفہ بھٹو کی والدین سے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کی اپیل

Published On 26 October,2020 06:23 pm

کراچی: (دنیا نیوز) آصفہ بھٹو زرداری نے اپیل کی ہے کہ والدین اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلائیں۔

اپنے ٹویٹر پیغام میں آصفہ بھٹو زرداری نے کہا کہ لاڑکانہ، سکھر اور شہید بینظیر آباد میں انسداد پولیو مہم کا آغاز ہو چکا ہے۔ والدین سے اپیل ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلائیں۔

آصفہ بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہر بار جب بھی متعلقہ ہیلتھ ورکرز انسدادِ پولیو کے قطرے پلانے کیلئے آئیں، آپ لوگ اس موقع کو ضائع نہ کریں۔

خیال رہے کہ پاکستان کے 128 اضلاع میں پولیو مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے، اس مہم کے تحت 30 ملین سے زائد بچوں کو انسداد پولیو قطرے پلوائے جائیں گے۔

نیشنل کوارڈینٹر برائے پولیو پروگرام کے مطابق 5 سال سے کم عمر بچوں کو انسداد پولیو قطرے پلوائے جائیں گے۔ دو لاکھ 10 ہزار فرنٹ لائن ورکرز مہم میں حصہ لے رہے ہیں۔

پنجاب کے 33 اضلاع، بلوچستان33، سندھ 41، گلگت بلتستان8، آزاد جموں وکشمیر کے 10 اضلاع اور خیبر پختونخوا کے ایک ضلع میں انسداد پولیو مہم ہوگی۔

حکام کے مطابق ورکرز کورونا قواعد وضوابط پر عمل کرتے ہوئے مہم چلائیں گے۔ 7 روزہ پولیو مہم میں 2 لاکھ 10 ہزار فرنٹ لائن ورکرز گھر گھر جا کر انسداد پولیو مہم میں حصہ لیں گے۔

پانچ روز پولیو ویکسینیشن جبکہ دو روز کیچ اپ ڈیز ہوں گے۔ کیچ اپ ڈیز میں رہ جانے والے بچوں کی پولیو ویکسینشن ہوگی۔ بلوچستان میں مہم کے دوران 25 لاکھ کے قریب بچوں کوپولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

کوآرڈینیٹر ایمرجنسی آپریشن سینٹر بلوچستان کے مطابق انسداد پولیو مہم میں 10 ہزار سے زائد ٹیمیں حصہ لیں گی۔ پنجاب کے ضلع گجرات میں بھی پولیو مہم کا آغاز ہوگیا ہے۔

مہم میں 4 لاکھ 41 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔ انسداد پولیو مہم کے لیے 988 ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔ گجرات میں 122 فکسڈ 33 ٹرانزٹ پوائنٹ بھی فعال ہیں۔
 

Advertisement