لاہور: (دنیا نیوز) رہنما ن لیگ رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ 13 دسمبر کے پی ڈی ایم جلسے سےمتعلق کمیٹیاں بنائی ہیں جن میں عہدیدار، ایم پی اے اور ایم این ایز شامل ہیں، لاہور کا جلسہ حکومت کے خلاف ریفرنڈم ہو گا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیگی رہنما رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ لاہور جاگ اٹھا، 13 دسمبر کو لاہور میں تاریخی جلسہ ہو گا جو فیصلہ کن ثابت ہو گا۔ لاہور کے بعد پورا پاکستان جاگے گا۔ پی ڈی ایم کا جلسہ مینار پاکستان پر کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ حملہ کیس میں پراسیکیوشن نےعمران خان کوغلط بری کرایا، پراسیکیوشن سے پوچھا جائے 6 سال عوام کا وقت کیوں ضائع کیا گیا۔ پراسیکیوشن نے لکھا مقدمہ سیاسی طور پر تیار کیا گیا تھا، عدلیہ کے کندھے پر بندوق رکھی جا رہی ہے، دوسری جانب گودام سے نکال کر ہیروئن مجھ پر ڈالی گئی، جج صاحب میری ضمانت لینے لگے تو واٹس ایپ پر تبدیل کر دیا گیا، ہمیں واٹس ایپ پرتبادلے کرنیوالوں سے انصاف کب ملے گا۔