اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر شفقت محمود کی زیر صدارت اجلاس میں صوبائی وزرائے تعلیم نے سکولز، کالجز بند کرنے کی مخالفت کر دی، حتمی فیصلہ شام کو قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں متوقع ہے، صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے اگلے ہفتے دوبارہ وزرائے تعلیم کی بیٹھک ہوگی۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 19 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 7 ہزار 160 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 59 ہزار 32 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 128 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 10 ہزار 450، سندھ میں ایک لاکھ 55 ہزار 680، خیبر پختونخوا میں 42 ہزار 370، بلوچستان میں 16 ہزار 407، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 452، اسلام آباد میں 24 ہزار 218 جبکہ آزاد کشمیر میں 5 ہزار 455 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 49 لاکھ 50 ہزار 561 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 29 ہزار 511 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 3 لاکھ 23 ہزار 824 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 379 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 19 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 7 ہزار 160 ہوگئی۔ پنجاب میں 2 ہزار 475، سندھ میں 2 ہزار 747، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 311، اسلام آباد میں 257، بلوچستان میں 156، گلگت بلتستان میں 93 اور آزاد کشمیر میں 121 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔