پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا حکومت نے بچوں کو سکول بلانے کی متبادل پالیسی کی نئی سفارشات تیار کرلیں۔ انٹرنیٹ میسر نہ ہونے والے طلبا ہفتے میں ایک دن سکول آئیں گے، والدین کو بھی سرگرمیوں سے آگاہ کیا جائے گا۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 59 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 7 ہزار 803 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 82 ہزار 892 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 9 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 15 ہزار 786، سندھ میں ایک لاکھ 66 ہزار 33، خیبر پختونخوا میں 45 ہزار 314، بلوچستان میں 16 ہزار 891، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 573، اسلام آباد میں 27 ہزار 979 جبکہ آزاد کشمیر میں 6 ہزار 316 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 52 لاکھ 97 ہزار 703 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 41 ہزار 583 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 3 لاکھ 32 ہزار 974 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 867 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 59 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 7 ہزار 803 ہوگئی۔ پنجاب میں 2 ہزار 904، سندھ میں 2 ہزار 858، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 339، اسلام آباد میں 291، بلوچستان میں 164، گلگت بلتستان میں 96 اور آزاد کشمیر میں 151 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
یاد رہے وفاقی حکومت نے 26 نومبر سے تمام تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ شفقت محمود کا کہنا تھا 24 دسمبر تک گھر سے تعلیم جاری رہے گی، بچوں کو آن لائن طریقے سے تعلیم دی جائے گی، 25 دسمبر سے 10 جنوری تک سردیوں کی چھٹیاں ہوں گی، 11 جنوری کو تمام تعلیمی ادارے کھل جائیں گے۔
وفاقی وزیر تعلیم نے کہا دسمبر میں ہونے والے امتحانات ملتوی ہوں گے، ہاسٹلز میں ایک تہائی طلبا کو رہنے کی اجازت ہوگی، اساتذہ کو بلانے کا فیصلہ سکول انتظامیہ کرے گی، نصاب مکمل کرنے کیلئے گرمیوں کی چھٹیاں کم کر دی جائیں گی، مارچ اور اپریل میں ہونیوالے امتحانات مئی، جون میں کرانے کی تجویز ہے، ووکیشنل اداروں کو بند نہیں کر رہے، ووکیشنل اداروں میں تربیت کا عمل جاری رہے گا۔