اسلام آباد: (دنیا نیوز) شبلی فراز نے کہا ہے کہ کرپٹ مافیا کے اجلاس میں لوٹی دولت کے تحفظ کے ایجنڈے پر غور ہوگا، پی ڈی ایم اجلاس میں ملک میں شرانگیزی کے ایجنڈے پر غور ہوگا۔
وزیر اطلاعات و سینیٹر شبلی فراز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ موروثی مفادات میں جکڑے جتھے عوام کی زندگیوں سے کھیلنے کا منصوبہ بنائیں گے، اقتدار کی باری ہر بار لینے والوں کو عوام کی باری پسند نہیں آ رہی۔
دوسری جانب شہباز گل کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے جلسے ریاست اور عدلیہ احکامات کے برعکس، لاہور جلسہ ملک دشمن بیانیے کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا سازشوں میں مصروف کرپٹ ٹولہ پاکستان کی ترقی روکنے کے درپے ہے، اشتعال انگیزی کا سہارا لیکر اور قانون کی خلاف ورزی کو بطور آلہ استعمال کر کے گھٹیا سیاست کی جا رہی ہے۔
شہباز گل نے کہا کہ ملک میں مثبت کورونا کیسز کی مجموعی شرح 9.71 فیصد ہوگئی، 81 فیصد مثبت کورونا کیسز کا تعلق بڑے شہروں سے ہے، پی ڈی ایم کورونا پھیلاؤ کا زریعہ بن کر عوام کی جان کے درپے ہے، یہ معیشت کو دوبارہ دگرگوں حالات میں پہنچانا چاہتے ہیں،
ادھر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ جھوٹی کا ٹائٹل پانے والی راجکماری کنیزوں کیساتھ ووٹ کی عزت سمجھانے نکلی ہے، کرپشن کے دلدل میں دھنسی ن لیگ بیک وقت جھوٹ کے سمندر میں بھی غوطہ زن ہے، ان مسترد شدہ سند یافتہ جھوٹوں کا جھوٹا چورن اب بکنے والا نہیں۔