ایل او سی پر ہماری گاڑی کو نشانہ بنایا گیا: اقوام متحدہ نے تصدیق کر دی

Published On 19 December,2020 05:36 pm

نیو یارک: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ نے تصدیق کی ہے کہ اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ کی گاڑی کو لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر راولاکوٹ کے قریب نامعلوم چیز کی زد میں آنے سے نقصان پہنچا ہے۔

سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق نیویارک میں باقاعدہ بریفنگ میں ایک سوال کے جواب میں سیکرٹری جنرل کے نائب ترجمان فرحان حق نے کہا کہ اقوام متحدہ کا مشن فی الحال واقعے کی تحقیقات کر رہا ہے، انہوں نے بتایا کہ ہمارے پاس دستیاب تفصیلات کے مطابق اس واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا لیکن اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ کی گاڑی کو نقصان پہنچا۔

جب بھارتی صحافی نے سوال کیا کہ کیا اقوام متحدہ بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستان کی طرف سے دی گئی رپورٹ مسترد کرنے کی خبروں سے آگاہ ہے تو فرحان حق نے کہا کہ ہم دونوں فریقین کے بیانات سے بخوبی واقف ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس مرحلے پر ہم صرف اتنا جانتے ہیں کہ گاڑی سے کوئی نامعلوم چیز ٹکرائی تھی، جیسے میں نے کہا تھا کہ کسی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے اور ہم واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی فوج کی ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ،اقوام متحدہ کی گاڑی کو نشانہ بنا ڈالا

انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب اقوام متحدہ کا فوجی مبصر گروپ اپنے مینڈیٹ کے تحت جموں و کشمیر میں کنٹرول لائن میں سیز فائر کی خلاف ورزی کے مشاہدے اور اس کی رپورٹ کے حوالے سے راولاکوٹ کے قریب معمول کی نگرانی کی سرگرمیاں انجام دے رہا تھا۔

اس سے قبل خطے کے امن کو تباہ کرنے والی بھارتی فوج کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے ملٹری مبصرین کی گاڑی کو جان بوجھ کر نشانہ بنانے پر بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج کیا گیا۔


دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق بھارتی فوج نے گزشتہ روز پاکستان اور بھارت میں اقوام متحدہ کے ملٹری مبصر گروپ کی گاڑی کو ہدف بنایا تھا۔

اقوام متحدہ کے مبصرین لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے چری کوٹ سیکٹر میں بھارتی سیز فائر کی خلاف ورزی سے متاثرہ افراد سے ملاقات کے لیے آزاد جموں و کشمیر کے گاؤں پولاس جارہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: یو این مبصرین کی گاڑی کو نشانہ بنانے پر بھارتی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی

بلااشتعال فائرنگ کے اس واقعے میں گاڑی میں موجود دونوں مبصرین خوش قسمتی سے محفوظ رہے تھے اور انہیں پاک فوج نے بحفاظت راولاکوٹ پہنچا دیا تھا۔ تاہم بھارت کی اس اشتعال انگیزی سے اقوام متحدہ کی گاڑی کو نقصان پہنچا تھا۔

دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ بھارتی فوج نے واضح طور پر جان بوجھ کر اقوام متحدہ کی گاڑی کو ہدف بنایا کیونکہ ان کی گاڑیاں اپنی علیحدہ مارکِنگ اور نیلے جھنڈے کی وجہ سے دور سے پہچانی جاتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی فوج کی ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ،اقوام متحدہ کی گاڑی کو نشانہ بنا ڈالا

ترجمان نے کہا کہ اقوام متحدہ کی گاڑی کو قصداً نشانہ بنا کر اور سلامتی کونسل کے مینڈیٹ کو ختم کرنے کی یہ کوشش کونسل کی قراردادوں اور اقوام متحدہ کے منشور کے تحت بھارت کی طرف سے سنگین خلاف ورزی ہے۔

ان قراردادوں اور منشور کے تحت ملٹری مبصرین کی سلامتی اور تحفظ کو یقینی بنانا لازمی ہے، لیکن بھارت کی جانب سے یہ مبصرین کو کام سے روکنے کے بظاہر کوئی نئی چال لگتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت پاکستان میں سرجیکل سٹرائیک کی تیاری کررہا ہے: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی

بھارتی ناظم الامور پر واضح کیا گیا کہ ڈھٹائی پر مبنی یہ حرکت بین الاقوامی اقدار اور اقوام متحدہ کے منشور میں شامل اصولوں کی سراسر خلاف ورزی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ یہ قابل مذمت حرکت بھارتی قابض فورسز کے طرزعمل کی پستی کی نئی سطح کو بھی سامنے لاتی ہے جو نہ صرف کنٹرول کے اطراف آباد معصوم شہریوں کو بلکہ اقوام متحدہ کے مبصرین کو بھی نشانہ بناتی ہیں۔ 







×

آپ کی رائے

کیا چھوٹے صوبوں کا قیام پاکستان میں بہتر حکمرانی اور ترقی کے لیے ضروری ہے