بھارتی فوج کی ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ،اقوام متحدہ کی گاڑی کو نشانہ بنا ڈالا

Published On 18 December,2020 05:36 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) مودی سرکار نے ایک بار پھر امن پر وار کرتے ہوئے ایل او سی کے چری کوٹ سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کی اور اقوام متحدہ کے آبزرور کی گاڑی کو نشانہ بنایا، تاہم خوش قسمتی سے اس میں سوار غیر ملکی مہمان محفوظ رہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے چری کوٹ سیکٹر میں اقوام متحدہ کی گاڑی کو اپنی بلا اشتعال فائرنگ کا نشانہ بنایا۔

آئی ایس پی آر کے ترجمان کی جانب سے ٹویٹ میں بتایا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کی گاڑی میں دو ملٹری آبزرورز موجود تھے، جو سیز فائر کی خلاف ورزی کے شکار افراد سے ملاقات کرنے پولاس گاؤں کی جانب سے جا رہے تھے۔

ترجمان پاک فوج نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ یہ بات نوٹس میں رہے کہ اقوام متحدہ کی گاڑیاں دور سے ہی پہچانی جاتی ہیں۔ انڈٰین فوج کی گولیاں گاڑی کو لگیں تاہم خوش قسمتی سے اس میں موجود یو این مبصر محفوظ رہے۔ پاک فوج کی جانب سے مہمانوں کو فوری طور پر موقع سے بحفاظت نکالتے ہوئے راولا کوٹ پہنچایا گیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنی ٹویٹ میں اس اشتعال انگیز واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فوج کا یہ اقدام اقوام متحدہ کے چارٹر اور اصولوں کی کھلی خلاف وزری ہے۔ بھارتی فوج نے اب اقوام متحدہ کے امن مشنز کو بھی نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کنٹرول لائن پر آبادی کو بھی نشانہ بناتی رہتی ہے۔ بھارتی اقدام اس کی مکروہ سوچ کو بے نقاب کرتا ہے۔ بین الاقوامی قوانین کے خلاف بھارتی اقدام غیر قانونی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: افواج پاکستان کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے تیار ہیں، دفتر خارجہ

ادھر دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان سیز فائر معاہدے کی بھارتی خلاف ورزیوں کی مذمت کرتا ہے۔ پاک افواج کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے تیار ہیں۔

میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بھارت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔ بھارت کو کسی بھی مہم جوئی پر حالات کی سنگینی کا اندازہ ہونا چاہیے۔ پاکستان عالمی برادری سے بھارتی مہم جوئی روکنے کا مطالبہ کرتا ہے۔

زاہد حفیظ چودھری نے کہا کہ بھارتی فوج نے کنٹرول لائن کے چری سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی اور اقوام متحدہ (یو این او) کے مبصرین کی گاڑٰی کو نشانہ بنایا۔ تاہم خوش قسمتی سے گاڑی میں سوار افراد محفوظ رہے۔ پاکستان بھارت سے 2003ء فائر بندی معاہدے کی پاسداری کا مطالبہ دہراتا ہے۔
 

Advertisement