بھارتی حکومت کا ایل او سی پر فائرنگ اور ہلاکتوں کے دعوؤں کا راز فاش، زندگی معمول کے مطابق رواں دواں

Published On 16 September,2023 07:14 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) بھارتی حکومت کے لائن آف کنٹرول پر فائرنگ اور ہلاکتوں کے دعوؤں کا راز فاش ہو گیا، رہائشیوں سے حاصل کردہ ویڈیوز میں زندگی معمول کے مطابق رواں دواں ہے۔

بھارتی میڈیا کی جانب سے رپورٹس نشر کی جا رہی ہیں کہ ایل او سی پر بھارتی فورسز دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز میں مصروف ہیں، مودی حکومت کے دعوؤں کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں متعدد فوجی افسران اور دہشت گرد ہلاک ہو چکے ہیں۔

لائن آف کنٹرول کے گرد و نواح میں مقیم رہائشیوں سے حاصل کردہ ویڈیوز سے جھوٹے دعوؤں کی حقیقت منظر عام پر آگئی، رہائشیوں کے مطابق ایل ا و سی کے اطراف کوئی فائرنگ یا آپریشن نہیں ہو رہا اور مکمل خاموشی ہے۔

بھارتی تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ اگر بارڈر پر حالات سنگین اور بھارتی فوجی بھی ہلاک ہو رہے ہیں تو مودی کس بات کا جشن منا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ مودی سرکار انتخابات سے قبل سیاسی عزائم کے حصول کے لیے ایسے ہی بھونڈے حربے آزماتے رہے ہیں، جن میں دہشتگردی کے جھوٹے الزامات پاکستان پر لگائے جاتے ہیں۔

تجزیہ کاروں کا کہنا تھا کہ مودی دہشت گردوں کے خاتمے کی داد وصول کرتا ہے، ستیا پال ملک اور بھارت کے متعدد پارلیمانی لیڈرز پہلے ہی خبردار کر چکے ہیں کہ پلوامہ ڈرامہ جیسے کئی واقعات دوبارہ رونما ہونے والے ہیں۔

دوسری جانب ایل او سی کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ ہم یہاں امن سے گھاس کاٹ رہے ہیں، مال مویشی آرام سے گھوم رہے ہیں، دور دور تک کوئی فائرنگ نہیں ہو رہی، اللہ کا شکر ہے کہ کوئی دہشت گردی اور فائرنگ نہیں ہو رہی اور یہ سب جھوٹی افواہیں ہیں۔