اسلام آباد: (دنیا نیوز) دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان سیز فائر معاہدے کی بھارتی خلاف ورزیوں کی مذمت کرتا ہے۔ پاک افواج کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے تیار ہیں۔
میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بھارت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔ بھارت کو کسی بھی مہم جوئی پر حالات کی سنگینی کا اندازہ ہونا چاہیے۔ پاکستان عالمی برادری سے بھارتی مہم جوئی روکنے کا مطالبہ کرتا ہے۔
زاہد حفیظ چودھری نے کہا کہ بھارتی فوج نے کنٹرول لائن کے چری سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی اور اقوام متحدہ (یو این او) کے مبصرین کی گاڑٰ کو نشانہ بنایا۔ تاہم خوش قسمتی سے گاڑی میں سوار افراد محفوظ رہے۔ پاکستان بھارت سے 2003ء فائر بندی معاہدے کی پاسداری کا مطالبہ دہراتا ہے۔