کراچی: (دنیا نیوز) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ ملک کو کٹھ پتلیوں کے لئے تجربے کی فیکٹری بنانے کے بجائے مضبوط قیادت کی ضرورت ہے۔ قائداعظم کے مشن کی تکمیل کے لیے عوام پیپلز پارٹی کی کاوشوں میں بھرپور ساتھ دیں.
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے قائداعظم محمد علی جناح کے 145 ویں یوم پیدائش پر پیغام میں پرامن و جمہوری جدوجہد کے ذریعے متحدہ ہندوستان کے مسلمانوں کے لیے الگ ملک بنانے پر خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو سلیکٹڈ اور کٹھ پتلیوں کے لئے تجربے و ٹریننگ کی فیکٹری بنانے کے بجائے اسے مضبوط قیادت کی ضرورت ہے،ایسی قیادت جو پاکستان کے لیے قائداعظم کے جمہوری نظریات کی پاسداری کرے
انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کے مشن کو ابھی پایئہ تکمیل پر پہنچانا باقی ہے، وہ مشن مساوات پر مبنی ایک ایسا مسلم اکثریتی ملک کا قیام ہے جو پوری امت کے لئے رول ماڈل ہو۔اب یہ قوم کی اجتماعی ذمہ داری ہے کہ وہ قائداعظم کے خواب کو مکمل طور پر سمجھے۔
بلاول بھٹوکا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اسی نظریئہ پاکستان کی حقیقی علمبردار ہے جس کے خالق قائداعظم تھے، پیپلز پارٹی کے سابق سربراہان و وزرائے اعظم شہید بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے اسی نظریے کی خاطر جانیں قربان کیں۔ پرامن، خوشحال اور مساوات پر مبنی پاکستان کے لئے جدوجہد کو آگے بڑھائیں گے۔ انہوں نے اپیل کی کہ قائداعظم کے مشن کو پایئہ تکمیل پر پہنچانے کے لیے عوام پیپلز پارٹی کی کاوشوں میں بھرپور ساتھ دیں۔