اسلام آباد: (دنیا نیوز) کورونا وائرس کے باعث ملک بھر میں بند ہونے والے تعلیمی ادارے مرحلہ وار 25 جنوری سے کھولنے کی تجویز پرفیصلہ آئندہ پیرکو ہو گا۔ وفاقی وزارت تعلیم کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کو بتایا سکولز وزارت صحت کی سفارش پرکھولیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کے تحت ملک بھرکے تعلیمی ادارے مرحلہ وارتین حصوں میں کھولنے کی تجویز سامنے آئی ہے اور اس بار پہلے مرحلے میں ملک بھر کے پرائمری اسکولز کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تجویز پر کوئی بھی فیصلہ پیر 4 جنوری کو ہونے والی بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس ( انٹر پرووینشل ایجوکیشن منسٹرز کانفرنس) کیا جائے گا جو وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت ہوگا اور چاروں صوبوں کے وزرائے تعلیم اس کانفرنس میں شریک ہونگے۔
کانفرنس کے ایجنڈے کے مطابق ملک بھر کے چاروں صوبوں میں تعلیمی ادارے دوبارہ کھولنے کا فیصلہ ہیلتھ ایڈوائزری کی بنیاد پر کوویڈ کیسز کو سامنے رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔
اس سلسلے میں کانفرنس کو تجویز دی گئی ہے کہ پہلے مرحلے میں ملک بھر کے سرکاری و نجی پرائمری سکولز 25 جنوری 2021 سے کھول دیے جائیں جبکہ دوسرے کے مرحلے میں 4 فروری سے مڈل/ سیکنڈری سکولز کھول دیے جائیں اور تیسرے مرحلے میں ہائرمڈل/سیکنڈری اور اس کے مساوی تعلیمی ادارے کھولے جائیں۔
4 جنوری کو ہونے والے اجلاس کے لیے بنائے گئے ایجنڈے کے مطابق ملک بھر میں سکولز اور بورڈز کی سطح پر امتحانات مئی کے آخری یا پھر جون کے اوائل سے شروع کرنے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ اس سے قبل اکیڈمک کورس ورک کی تکمیل کرلی جائے گی اسی طرح گرمیوں کی تعطیلات کا دورانیہ کم کیا جائے گا اور نیا تعلیمی سال 2021 اگست سے شروع کیا جائے گا۔
دوسری طرف وفاقی وزارت تعلیم کے مطابق پنجاب حکومت نے 25 جنوری سے سکولز کھولنے کی تجویز دی، پنجاب حکومت کو بتایا سکولز وزارت صحت کی سفارش پرکھولیں گے۔
وزارت تعلیم کے مطابق کوروناکی موجودہ صورتحال کےجائزہ کےبعدحتمی فیصلہ ہوگا، وفاق نے تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق کوئی تجویز تیار نہیں کی، بین الصوبائی وزرائےتعلیم کانفرنس میں فیصلہ ہوگا۔
واضح رہے کہ تقریبا ڈھائی ماہ تک کھلے رہنے کے بعد ملک بھر کے تعلیمی ادارے 26 نومبر2020 سے دوبارہ بند ہوگئے تھے اور انھیں 10 جنوری تک بند رکھنے کے بعد 11 جنوری سے کھولنے کا اعلان کیا گیا تھا جبکہ اس سے پہلے تعلیمی ادارے مارچ 2020 میں میں بند ہونے کے بعد 15 ستمبر سے دوبارہ کھولے گئے تھے۔