اسلام آباد: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بحرین کا تین روزہ سرکاری دورہ کیا، دورے کے دوران آرمی چیف نے بحرین کی اعلی قیادت سے ملاقاتیں کیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے بحرین کے ولی عہد شہزادہ سلمان بن حماد بن عیسی الخلیفہ، بحرین کے وزیراعظم اور مسلح افواج کے کمانڈر انچیف سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ دفاعی تعاون اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بحرین کی قیادت نے پاکستان کے ساتھ خصوصی تعلقات کے عزم کا اظہار کیا۔ بحرین کے ولی عہد کی طرف سے آرمی چیف کو بحرین آرڈر فرسٹ کلاس بھی پیش کی گئی۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ساخیر کیمپ میں پاک بحرین مشترکہ فوجی مشق کی اختتامی تقریب میں بھی شرکت کی اور تربیت کے معیار کی تعریف کی۔ سپہ سالار کا کہنا تھا کہ مشق دہشت گردی کے خلاف دونوں ممالک کی مشترکہ کوششوں کی عکاس ہے۔