اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے، جس میں سیاسی، اقتصادی اور توانائی کے شعبوں پر غور کیا جائے گا۔
وفاقی کابینہ 15 نکاتی ایجنڈے پر غور کرے گی۔ آڈیٹر جنرل آفس سے متعلق نئے بل کا مسودہ منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔ لیگل ایڈ اینڈ جسٹس اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کی تعیناتی بھی ایجنڈا میں شامل ہے۔ ایف آئی اے کے کمرشل بنکنگ سرکل لاہور کو پولیس اسٹیشن ڈکلیئر کرنے کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔ نیشنل کونسل فار طب کے انتخابات اور ایڈمنسٹریٹر کی تعیناتی کی منظوری دی جائے گی۔
ہائیڈرو کاربن ڈویلپمنٹ انسٹیٹیوٹ آف پاکستان کے ڈی جی کا اضافی چارج دیا جائے گا۔ نوشہرہ میں ریلوے کی زمین پر کثیر المنزلہ عمارت تعمیر کرنے کی اجازت ایجنڈے میں شامل ہے۔ کابینہ کمیٹی برائے اصلاحات کے 23 دسمبر کے فیصلوں کی توثیق کی جائے گی۔ کابینہ کمیٹی برائے نجکاری اور ای سی سی کے فیصلوں کی توثیق بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔
کابینہ یوٹیلٹی سٹور کے پی کے اور اے جے کے کی حکومت کو اضافی گندم فراہم کرنے کی منظوری دے گی۔ ملک میں احتساب عدالتوں کے قیام کیلئے 40 کروڑ روپے سے زائد کا بجٹ جاری کرنے کی بھی منظوری دی جائے گی۔