کوئٹہ: (دنیا نیوز) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ مشکلات ضرور ہیں لیکن حکومت کو ہٹانے کے لیے ہماری جدوجہد جاری ہے۔
کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ دہشت گردی خاتمے کے دعوے کئے گئے لیکن اس کے باوجود واقعات ہو رہے ہیں۔ دہشت گردی کے ختم کرنے کے دعوؤں کے باوجود مچھ میں دہشت گردی ہوئی۔ آئے روز ٹارگٹ کلنگ ہو رہی ہے، دہشت گردی ختم کرنے کا کیوں دعویٰ کیا گیا تھا۔
پی ڈی ایم سربراہ نے کہا کہ ہر جگہ ہمیں پذیرائی مل رہی ہے۔ پی ڈی ایم کے تاریخی جلسے اور ریلیاں ہو رہی ہیں، عوامی شرکت بڑھتی جا رہی ہے۔ عوام اس وقت ایک پیج پر ہیں۔ موجودہ حکومت دھاندلی زدہ، اسے استعفیٰ دینا پڑے گا۔ مشکلات بھی آتی ہیں لیکن ہماری کوشش ہے کہ جلد نااہل حکومت سے جان چھوٹ جائے۔
شیخ رشید کے سوال پر مولانا فضل الرحمان نے صحافیوں سے کہا کہ وہ سنجیدہ سوال کیا کریں جبکہ ان کا کہنا تھا کہ مولانا شیرانی کے بیانات پر کچھ نہیں کہوں گا۔