براڈ شیٹ معاملے پر کرپشن نے امیر حکمرانوں کو دوبارہ بے نقاب کیا: وزیراعظم

Published On 13 January,2021 10:45 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پانامہ پیپرز نے ماضی کے حکمرانوں کی کرپشن کوعیاں کیا تو اب براڈ شیٹ نے منی لانڈرنگ اور بدعنوانی کو بڑے پیمانے پر بے نقاب کر دیا، یہ اشرفیہ انتقامی کارروائی کے کارڈ کے پیچھے نہیں چھپ سکتی۔

 وزیراعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ اشرافیہ نے بیرون ملک میں غیر قانونی اثاثے بنانے کیلئے منی لانڈرنگ کی اور بعد میں این آر او کا سہارا لیا، این آر او سے اشرافیہ نے لوٹی دولت کو تحفظ فراہم کیا گیا، اس صورتحال سے سب سے زیادہ پاکستانی عوام کو نقصان ہوا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ کرپٹ اشرافیہ نے نہ صرف قوم کی دولت کو لوٹا بلکہ انکے ٹیکس کی رقم بھی چوری کی، این آر او کی وجہ سے یہ لوٹی رقم ضائع ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے یہ تمام انکشافات آغاز ہیں، جاننا چاہتے ہیں براڈ شیٹ کو مزید تحقیقات سے کس نے روکا، براڈ شیٹ سے مکمل شفافیت چاہتے ہیں۔

Advertisement