اسلام آباد: (اے پی پی) وفاقی وزیر تعلیم وپیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود کی ہدایات پر پاکستانی طلبہ وطالبات کے لئے تمام ملکی وبین الاقوامی سکالرشپس کی تفصیلات کو وفاقی وزارت تعلیم کی ویب سائیٹ پر لنک کر دیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ طلبہ کی آسانی کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ سہولت متعارف کرائی ہے۔ اگر ایک ہی پروگرام کے لئے مختلف ڈونر ایجینسیز کی سکالرشپس موجود ہیں تو اس سے طلبہ کے پاس چوائس ہوگی کہ زیادہ موزوں سکالر شپ سے استفادہ کر سکیں۔
طلبہ وطالبات کو اب مختلف ویب سائیٹس پر جا کر سکالرشپس ڈھونڈنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ ناصرف اس سے طلبہ کا قیمتی وقت اور توانائی کی بچت ہوگی بلکہ تمام قابل اعتماد و مفید معلومات ایک ہی جگہ پر میسر ہونگی۔
وفاقی وزارت تعلیم وپیشہ وارانہ تربیت کی ویب سائٹ پر ایچ ای سی کی ملکی وغیر ملکی سکالرشپس کے علاوہ نیسٹ سکالرشپس، جائیکا سکالرشپس، کوآئیکا سکالرشپس، شیوننگ سکالرشپس، فل برائیٹ سکالرشپس، آسٹریلین ایڈ سکالرشپس، فرانس سکالرشپس، ہنگری سکالر شپس، یو ایس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن سکالرشپس، جرمن اکیڈیمک ایکسچینج سروس، چائنہ سکالرشپس کونسل، ترکی سکالرشپس اور ورلڈ بینک، ایشین ڈیویلپمنٹ بینک اور اسلامک ڈیویلپمنٹ بینک کی سکالرشپس کو لنک کیا گیا ہے۔