لاہور: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ براڈ شیٹ کا ہر صفحہ سیاسی لٹیروں کی کرپشن کہانی ہے، ن لیگ کرپشن ریس میں سب سے آگے ہے۔
معاون خصوصی اطلاعات پنجاب فر دوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم کی باقی جماعتیں بھی کسی سے کم نہیں، وہ سیاستدان بھی کرپشن کے خلاف بھاشن دے رہے ہیں جو نکو نَک کرپشن میں ڈوبے ہوئے ہیں، یہ کرپٹ سیاسی ٹبر جس تھالی میں کھاتے ہیں اسی میں چھید کرتے ہیں۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی کرپشن کرنے کے بعد ایک دوسرے پر الزام تراشی کرتے رہے، پھر گرگٹ کی طرح رنگ بدل کر ن لیگ اور پیپلزپارٹی ایک دوسرے کی پردہ پوشی کرتے رہے، کپتان نے براڈ شیٹ حقائق عوام کے سامنے لانے کا جرات مندانہ فیصلہ کیا، ہمیں کسی بات کا خوف نہیں، ہمارے ہاتھ صاف ہیں، پی ڈی ایم مزید رسوائی کیلئے تیار رہے۔