لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی استعفیٰ سیاست بری طرح ناکام رہی، اپوزیشن 2023 تک صبر اور آرام کرے، اب ملک میں صرف ترقی اور عوامی منصوبوں کی سیاست چلے گی۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے وفاقی وزیر صاحبزادہ محبوب سلطان، رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ امیر سلطان، اراکین پنجاب اسمبلی رانا شہباز احمد اور میاں محمد آصف نے ملاقات کی، جس میں انہوں نے منتخب نمائندوں کے حلقوں کے مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے موقع پر ہی ہدایات دیں۔ چیف وہپ پنجاب اسمبلی ایم پی اے سید عباس علی شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔
عثمان بزاد کا کہنا تھا کہ عوام کی حمایت سے تحریک انصاف کے مینڈیٹ کے خلاف ہر سازش ناکام بنائی، عوامی ترقی کے راستے میں اپوزیشن کے منفی حربے برداشت نہیں کیے جائیں گے، اپوزیشن کے پاؤں اکھڑ چکے ہیں۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مزید کہا کہ پنجاب کے پسماندہ شہروں کی ترقی پر پوری توجہ ہے، ماضی میں وسائل کو من پسند شہروں پر خرچ کر کے دورافتادہ علاقوں کو نظر انداز کیا گیا، اب پنجاب کے نظر انداز علاقوں کی جانب وسائل کا رخ موڑا گیا ہے، نئے پاکستان میں پنجاب ترقی کے سفر میں سبقت لے گا، عوام کے مسائل کے حل کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے، عوام کو وزیر اعظم عمران خان کی قیادت پر پورا اعتماد ہے۔