اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم سے پارلیمینٹیرینز نے ملاقات کی ہے، عمران خان نے پارلیمنٹیرینز کے حلقوں میں عوام کو درپیش مسائل کے حل اور ترقیاتی امور پر گفتگو کی۔
وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کرنے والوں میں صاحبزادہ محمد محبوب سلطان، حیدر علی خان، سردار محمد آصف نکئی، میاں شفیق آرائیں، ملک عمر اسلم، محمد امیر سلطان، پرنس نواز الائی شامل تھے۔ رکن صوبائی اسمبلی زبیر احمد، معاون خصوصی ملک محمد عامر ڈوگر بھی ملاقات میں شریک تھے۔
عمران خان نے جھنگ میں نئے ڈی ایچ کیو ہسپتال، لودھراں میں ریلوے انڈر پاس تعمیر کی درخواست پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی۔ پارلیمنٹیرینز نے ملتان لودھراں روڈ کی اپ گریڈیشن کے منصوبے کی منظوری پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے سوات موٹر وے کی توسیع کی درخواست پر عملدرامد کی یقین دہانی کرائی اور سروے آف پاکستان کے تحت بٹگرام اور کوہستان باؤنڈری کے جلد نوٹیفکیشن کی ہدایت کی۔ اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ سیاحت کے فروغ، ماحولیات اور جنگلات کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن سہولت فراہم کرینگے۔