راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے کھاریاں گیریژن کے دورے کے موقع پر مادر وطن کی حفاظت کیلئے افسران کے بلند حوصلہ کی تعریف کی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کھاریاں گیریژن کا دورہ کیا۔ کھاریاں گیریژن پہنچنے پر کمانڈر سینٹرل کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل شاہین مظہر محمود نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے سینٹرل کمانڈ میں جاری وار گیمز کا جائزہ بھی لیا۔ انہوں نے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے عسکری منصوبہ سازوں کی جدت کو سراہا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افسران کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، آپریشنل تیاریوں، تمام خطرات سے نمٹنے، وطن کی حفاظت کے عزم اور بلند مورال کی بھی تعریف کی۔