پشاور: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماء اور سینیٹ امیدوار فرحت اللہ بابر کے پاس الیکشن فیس کم پڑ گئی، پی پی ارکان نے چندہ جمع کر کے سینیٹ الیکشن کی فیس جمع کروائی۔
پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنماء اور پارٹی کے سینیٹ امیدوار فرحت اللہ بابر کے پاس الیکشن فیس کم پڑ گئی۔ الیکشن کمیشن میں 40 ہزار روپے فیس جمع کروانی تھی جبکہ فرحت اللہ بابر کے پاس 32 ہزار روپے تھے۔ الیکشن آفس میں موجود پیپلزپارٹی کے ارکان نے چندہ کر کے الیکشن کی فیس کے پیسے پورے کر دیئے۔ پیپلزپارٹی کے مقامی کارکن یاور نصیر نے چندے میں 50 روپے دیئے جبکہ سب سے زیادہ چندہ پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر ہمایون خان نے دیا۔
ادھر الیکشن کمیشن نے سینیٹ انتخابات کے شیڈول میں رد و بدل کر دیا۔ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے وقت میں دو دن کا اضافہ کر دیا گیا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ 15 فروری تک بڑھا دی گئی ہے، نامزد امیدواروں کی فہرست 16 فروری کو جاری ہوگی، کاغذات کی جانچ پڑتال 17 تا 18 فروری کو ہوگی، کاغذات پر اپیلیں 20 فروری تک دائر ہوسکیں گی، 23 فروری تک تمام اپیلوں کو نمٹا دیا جائیگا جبکہ 24 فروری کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری ہوگی، 25 فروری تک امیدوار کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ پولنگ 3 مارچ کو ہی ہوگی، امیدواروں سہولیت کیلئے شیڈول میں تبدیلی کی گئی ہے۔
یاد رہے پیپلزپارٹی سمیت سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کی جانب سے قانونی تقاضوں اور کاغذات نامزدگی کے لوازمات پورا کرنے کے لیے کاغذات نامزدگی کا وقت بڑھانے کی درخواست کی گئی تھی۔