اسلام آباد: (دنیا نیوز) شبلی فراز نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے 20 پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کی پیشکش کی، آزادانہ اور شفاف انتخابات کو یقینی بنانے کی جدوجہد کا مظہر ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم پر انگلیاں اٹھانے والے شفافیت کی مخالفت کر رہے ہیں، ان کا دوغلا پن قوم کے سامنے کھل کر عیاں ہو چکا ہے۔
یاد رہے گزشتہ روز وزیراعظم نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 75 میں ری پولنگ کیلئے تحریک انصاف کے امیدوار کو اپوزیشن کا چیلنج قبول کرنے کی ہدایت کی تھی۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ شفاف اور آزادانہ الیکشن کی حمایت کی ہے، اگرچہ ہمیں این اے 75 ضمنی الیکشن میں قانونی طور پر کسی پابندی کا سامنا نہیں لیکن اس کے باوجود میں اپنے امیدوار سے درخواست کروں گا کہ وہ 20 پولنگ سٹیشنز میں ری پولنگ کی درخواست کرے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہم انتخابات کے عمل میں شفافیت چاہتے ہیں اور اسی لئے ہماری خواہش ہے کہ سینیٹ کا الیکشن اوپن بیلٹ کے ذریعے ہو، ہم نے ہمیشہ صاف اور شفاف الیکشن کے انعقاد کا مطالبہ کیا لیکن بدقسمتی سے دوسروں نے اپنے وعدوں کی پاسداری نہیں کی۔ جب ہم نے 2013ء میں صرف چار حلقے کھولنے کا مطالبہ کیا تو اسے تسلیم کرنے میں دو سال کا عرصہ لگا دیا گیا۔