لاہور: (دنیا نیوز) انسداد منشیات کی خصوصی عدالت نے رانا ثناءاللہ کے سیلری اکاؤنٹ کھولنے کا حکم دے دیا۔
عدالت میں سماعت کے دوران رانا ثناءاللہ کی جانب سے فرہاد علی شاہ ایڈووکیٹ نے دلائل دیے۔ انٹی نارکوٹکس فورس نے اپنے جواب میں بتایا کہ رانا ثنااللہ کے سیلری اکاؤنٹ میں ایک لاکھ 72 ہزار 500 روپے تنخواہ آ رہی ہے۔ جس پر رانا ثنا کے وکیل نے استدعا کی کہ کم از کم سیلری اکاؤنٹ کو کھولنے کا حکم دیا جائے۔
عدالت نے وکلاء کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا بعد ازاں سیلری اکاونٹس کھولنے کے احکامات جاری کر دیئے۔ خصوصی عدالت کے جج شاکر حسن نے درخواست پر سماعت کی۔