پیپلزپارٹی کے معاشی دہشت گرد اپوزیشن سے ڈرتے ہیں: حلیم عادل شیخ

Published On 26 February,2021 12:27 pm

کراچی: (دنیا نیوز) حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے معاشی دہشت گرد اپوزیشن سے ڈرتے ہیں، یہ جب تک قبر میں نہیں بھیجتے، اِن کی کرپشن بے نقاب کرتے رہیں گے۔

اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعید غنی کی گفتگو سے ثابت ہوگیا وہ وزیر تعلیم نہیں زیر تعلیم ہیں، جیل میں تشدد ہوا تو کندھے میں درد ہوا، میرا بلڈ پریشر ہائی تھا مجھے ایسا لگا کہ دل کی تکلیف ہے، این آئی سی وی ڈی نے کہا کہ دل کا عارضہ لاحق نہیں، مجھے تکلیف دینے کے لئے اے سی بند کر دیا گیا، چاہے دوبارہ جیل بھیج دیں، کسی سے معافی نہیں مانگوں گا۔

حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ کل میری تقریر سے پہلے وزیراعلیٰ تقریر کر کے رفو چکر ہوگئے، میں اچھل اچھل کر تقریر کروں گا کیوں کہ میرے اچھلنے سے ہی آپ کو تکلیف ہے، مجھ پر جعلی نوکریاں دینے اور اربوں روپے کی کرپشن کا کیس نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس غلام بن چکی ہے، سندھ پولیس میں کالی بھیڑیں نہیں کالے بھیڑیے ہیں۔

 

Advertisement