لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعظم نے چودھری پرویز الٰہی کو فون کر کے سینیٹ انتخاب میں تعاون پر اظہار تشکر کیا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے عمران خان کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت کے اتحادی ہیں، آئندہ بھی ساتھ چلیں گے۔
ادھر وزیراعظم عمران خان سے وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان کا ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کا کہنا تھا کہ چیئرمین سینیٹ کے لیے بی اے پی کے صادق سنجرانی کو نامزد کیا ہے جس پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتا ہوں، اتحادی جماعتوں کے ساتھ ملکر چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے عہدے کے لیے مقابلہ کریں گے۔
دوسری جانب چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے چودھری برادران سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ چودھری برادران کا کہنا تھا کہ آپ نے سینیٹ کو احسن طریقے سے چلایا، خوشی ہے وزیراعظم عمران خان نے ایک مرتبہ پھر آپ پر اعتماد کا اظہار کیا،
صادق سنجرانی نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کے الیکشن کیلئے آپ کے تعاون کی اشد ضرورت ہے۔ چودھری برادران نے پارٹی کی جانب سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔