اسلام آباد: (دنیا نیوز) پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال کو جوتا پڑ گیا۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں وزیراعظم عمران خان کو اعتماد کا ووٹ دینے کے لئے اجلاس کا بائیکاٹ اپوزیشن نے کر رکھا ہے اور ن لیگی رہنما پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر احتجاج کررہے ہیں، اس دوران لیگی رہنماؤں نے پریس کانفرنس بھی کی، تاہم تحریک انصاف کے کارکنان نے لیگی رہنماؤں کے خلاف نعرے بازی کی۔
لیگی رہنماؤں کی پریس کانفرنس کے دوران پی ٹی آئی کے کارکنان مشتعل ہوگئے اور اس دوران لیگی رہنماؤں کیساتھ لڑائی بھی ہوئی جب کہ نامعلوم سمت سے کسی نے احسن اقبال کو جوتا دے مارا، جو احسن اقبال کے سر پر لگا۔ تمام تر واقعے کی فوٹیج سامنے آئی ہے۔
فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ احسن اقبال کارکنان کے نعروں کے جواب دے رہے ہیں جب کہ نامعلوم سمت سے آنے والا جوتا ان کے سر پر لگتا ہے۔