اسلام آباد : (دنیا نیوز) پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے آئندہ ہونے والے اجلاس میں 26مارچ کے لانگ مارچ کی حکمت عملی کو حتمی شکل دینے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کا ہنگامی اجلاس منگل کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں طلب کر لیا گیا ہے، اس بار اجلاس کی میزبانی مسلم لیگ ن کی کرے گی، اجلاس دوپہر دو بجے شروع ہو گا، صدارت پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کریں گے، تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین اجلاس میں شریک ہوں گے۔
اجلاس میں ملک کی سیاسی صورت حال پر مشاور ت کی جائے گی، چئیرمین اور ڈپٹی چئیرمین سینیٹ کے الیکشن میں شکست پر تمام جماعتیں اپنی اپنی رپورٹ پیش کریں گی، چئیرمین اور ڈپٹی چئیرمین کے الیکشن 7 ووٹ کیسے مسترد ہوئے قائدین کو اعتماد میں لیا جائے گا۔
اجلاس میں ڈپٹی چئیرمین کو کم ووٹ ملنے پر بھی جے یوآئی کے تحفظات دور کیے جائیں گے۔ اجلاس میں 26مارچ کے لانگ مارچ کی حکمت عملی کو بھی حتمی شکل دی جائے گی۔