لاہور: (دنیا نیوز) کورونا کی تیسری لہر سے نمٹنے کیلئے اقدامات، لاہور سمیت پنجاب کے سات شہروں میں 29 مارچ تک سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا، کاروباری مراکز شام 6 بجے بند، ہفتہ اور اتوار کو چھٹی، شادی ہالز، مارکیز اور کمیونٹی سینٹرز بھی بند، صرف کھلے مقامات پر تقریبات کی اجازت، تین سو سے زائد افراد شرکت نہیں کرسکیں گے۔
کورونا وائرس کا مسلسل بڑھتا خطرہ، پنجاب حکومت نےعوام کے تحفظ کے لیے بڑے فیصلے کر لئے۔ لاہور، راولپنڈی سمیت سات شہروں میں کاروباری مراکز شام 6 بجے بند ہونگے، ہفتہ اور اتوار کو چھٹی ہوگی۔ ان ڈور، آؤٹ ڈور شادی ہالز، کمیونٹی سنٹرز اور مارکیز 15مارچ سے مکمل بند، میڈیکل سروسز، پٹرول پمپس، اشیاء ضروریہ کی دکانیں چوبیس گھنٹے کھلی رہیں گی۔
کورونا کی متوقع تیسری لہر کے منڈلاتے خطرات عوام کے تحفظ کےلیے حکومت پنجاب کے اہم فیصلے، لاہور،راولپنڈی،سرگودھا،فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ اور گجرات میں 29مارچ تک سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا۔ ہفتہ اور اتوار کام کرنے کی ہرگز اجازت نہیں ہو گی، نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔ تفریحی مقامات اورپارکس شام 6بجے بند کرادیئے جائیں گے، سینما ہالز اور تھیٹرز مکمل طور پر بند رہیں گے، سرکاری ونجی دفاترکو 50فیصد اسٹاف بلانے کی اجازت ہوگی۔ ان ڈور، آؤٹ ڈور میرج ہالز، کمیونٹی سنٹرز اور مارکیز کو پندرہ مارچ کو بند کیا جائے گا۔
ریسٹورنٹس اور کیفے میں بیٹھ کر کھانے پر پابندی، صرف ٹیک اوے کی اجازت ہوگی۔ سماجی و مذہبی تقریبات میں 50 افراد شامل ہوسکیں گے۔ سات شہروں کے علاوہ باقی اضلاع میں 300سے زائد افراد کے اکٹھا ہونے پر پابندی ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق میڈیکل سروسز، فارمیسیز، میڈیکل سٹورز، لیبارٹریاں اورکولیکشن سنٹرز 24گھنٹے کھلے رہیں گے۔ گراسری سٹورز،جنرل سٹورز، آٹا چکیاں، سبزی ،، پھل کی دکانیں، تنور اور پٹرول پمپس پورا ہفتہ 24گھنٹے کھولنے کی اجازت ہے جبکہ ٹائرپنکچر شاپس، فلنگ پلانٹس، ورکشاپس، سپئیرپارٹس، زرعی مشینری اورآلات کی دکانیں بھی کھل سکیں گی۔