اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی کیخلاف نااہلی کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کر لی ہے۔
الیکشن کمیشن 22 مارچ کو معاملے کی سماعت کرے گا۔ اس سلسلے میں چیف الیکشن کمشنر نے اپنی سربراہی میں پانچ رکنی بنچ تشکیل دیدیا ہے۔
خیال رہے کہ حکمران جماعت پی ٹی آئی کے رہنماؤں فرخ حبیب اور کنول شوذیب نے ویڈیو سکینڈل معاملے پر الیکشن کمیشن میں یوسف رضا گیلانی کی نااہلی کیلئے درخواست دائر کی تھی۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ اس ویڈیو میں واضح ہے کہ علی حیدر گیلانی جو ملتان سے رکن صوبائی اسمبلی ہیں، انہوں نے اپنے والد یوسف رضا گیلانی کو سینیٹ انتخابات میں فائدہ پہنچانے کیلئے اراکین کو ووٹ ضائع کرنے کا طریقہ سمجھا رہے ہیں۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد علی حیدر گیلانی خود میڈیا کے سمنے آئے اور اعتراف کیا کہ انہوں نے سینیٹ الیکشن متاثر کرنے کی کوشش کی۔ اس لئے الیکشن کمیشن سے اپیل ہے کہ وہ یوسف رضا گیلانی اور ان کے صاحبزادے کیخلاف الیکشن ایکٹ کی دفعہ 174 کے تحت کارروائی کرے۔