اسلام آباد سمیت پنجاب کے 9 اضلاع میں تعلیمی ادارے 11 اپریل تک بند رکھنے کا اعلان

Published On 24 March,2021 12:47 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے تعلیمی اداروں کی بندش میں 11 اپریل تک توسیع کا اعلان کر دیا۔ ان کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اور لاہور سمیت پنجاب کے 9 اضلاع میں تعلیمی ادارے 11 اپریل تک بند رہیں گے۔

 وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ لاہور سمیت پنجاب کے چند اضلاع میں کورونا پھیلاؤ تشویشناک ہے، سندھ، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں کورونا کا پھیلاؤ قدرے کم ہے، لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، گجرات، سیالکوٹ، سرگودھا اور ملتان میں تعلیمی ادارے بند رہیں گے، پنجاب کے دیگر اضلاع میں پرانے شیڈول کے مطابق سکول کھلیں گے۔

شفقت محمود کا کہنا تھا کہ تعلیمی بورڈز کے امتحانات شیڈول کے مطابق ہوں گے، نویں تا بارہویں کے امتحانات شیڈول کے مطابق مئی کے آخر میں ہوں گے، صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے کیمبرج کیساتھ میٹنگ کریں گے، کیمبرج کے امتحانات جلد شروع ہو رہے ہیں، کیمبرج کے ساتھ گفتگو کے بعد اعلان کریں گے، قانون کی خلاف ورزی کرنیوالے سکول سیل کر دیئے جائیں گے، 7 اپریل کو دوبارہ این سی اوسی کا اجلاس ہوگا۔

خیال رہے اس سے قبل این سی او سی کی جانب سے ہر قسم کے تعلیمی ادارے 15 سے 28 مارچ تک بند کیے گئے تھے۔

 دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 30 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 13 ہزار 965 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 6 لاکھ 37 ہزار 42 ہوگئی۔

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 301 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 2 لاکھ 2 ہزار 743، سندھ میں 2 لاکھ 63 ہزار 664، خیبر پختونخوا میں 81 ہزار 204، بلوچستان میں 19 ہزار 374، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 975، اسلام آباد میں 53 ہزار 136 جبکہ آزاد کشمیر میں 11 ہزار 946 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 98 لاکھ 95 ہزار 515 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 38 ہزار 282 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 5 لاکھ 86 ہزار 228 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 2 ہزار 564 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 30 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 13 ہزار 965 ہوگئی۔ پنجاب میں 6 ہزار 48، سندھ میں 4 ہزار 482، خیبر پختونخوا میں 2 ہزار 238، اسلام آباد میں 552، بلوچستان میں 203، گلگت بلتستان میں 103 اور آزاد کشمیر میں 339 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

Advertisement