ووٹ کی پرچی جعلی حکومت کے لیے موت کا پروانہ ہے، مریم نواز شریف

Published On 25 March,2021 04:19 pm

لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے ایک بار پھر حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ تین سال عوام کا استحصال کرنے والے عوام میں جانے سے دڑ گئے، ووٹ کی پرچی جعلی حکومت کے لیے موت کا پروانہ ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ‏ڈسکہ الیکشن ملتوی ہونے پر خوشیاں منانے والے جانتے ہیں کہ الیکشن تو ہونا ہے، عوام نے ووٹ تو ڈالنا ہے۔

مریم نوز نے لکھا کہ کیوں ڈرتے ہو عوام سے؟ کیوں ڈرتے ہو ووٹ سے؟ کیوں ڈرتے ہو یوم حساب سے؟ اس لیے کہ عوام تم سے بیزار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ کبھی عدالت جاتے کہ عوام کو ووٹ سے روکو، کبھی عدالت جاتے کہ مریم کے ساتھ عوام کو آنے سے روکو۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ تین سال عوام کا استحصال کرنے والے عوام میں جانے سے ڈر گئے۔ یہ ادارے عوام کے ہیں، عوام کے غیظ و غضب سے تمہیں ادارے نہیں بچا سکتے۔ سلیکٹڈ الیکشن سے بھاگے گا نہیں تو اور کون بھاگے گا؟
 

Advertisement