لاہور:مریم نوازکی 26 مارچ کو نیب میں پیشی،سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دیدی گئی

Published On 25 March,2021 06:10 pm

لاہور: (دنیا نیوز) حکام نے لیگی رہنما مریم نواز شریف کی نیب میں پیشی کے موقع پر سکیورٹی پلان کو حتمی شکل دیدی، نیب دفتر کے باہر کنٹینرز لگا دیئے گئے۔

ذرائع کے مطابق مریم نواز کی پیشی کے موقع پر دو ہزار کے لگ بھگ پولیس اہلکار تعینات ہوں گے۔ اس کے علاوہ پولیس خواتین اہلکار اور اینٹی رائٹ فورس کے اہلکار بھی تعینات کیے جائیں گے۔

صوبائی انتظامیہ نے 100 سے زائد کنٹینرز کو تحویل میں لے کر سٹینڈ بائی کر دیا ہے، اس کے علاوہ ہنگامہ آرائی سے نمٹنے کے لیے واٹر کینن بھی سٹینڈ بائی ہوگا۔

رینجرز اور پولیس اہلکار نیب دفتر کے باہر اور اندر موجود ہوں گے۔ نیب دفتر کے اردگرد تین سو میٹر تک بیرئیرز لگائے جائیں گے ۔ راستوں کی بندش حالات اور واقعات کے مطابق ہوگی۔

خیال رہے کہ آج لاہور ہائیکورٹ نے مریم نواز کی پیشی پر کارکنوں کو نیب آفس لانے کے خلاف درخواست کو مسترد کر دیا تھا۔ جسٹس سرفراز ڈوگر نے قرار دیا تھا کہ لاکھوں لوگ بھی آ جائیں تو ریاست کے لیے سنبھالنا مشکل نہیں ہوتا، نیب قانون کی خلاف ورزی پر کارروائی کر سکتا ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ عدالت مریم نواز کو اکیلے نیب میں پیش ہونے کی ہدایت کرے اور کارکنوں کو ساتھ لانے سے روکنے کے احکامات جاری کرے۔

جسٹس سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دئیے کہ یہ تو ریاست کی ذمہ داری ہے کہ حالات کنٹرول کرے، نیب لاہور ہائیکورٹ سے کیوں یہ ریلیف مانگ رہا ہے؟ عدالت اس معاملے میں کیوں پڑے یہ تو سیاسی معاملہ ہے۔

نیب کے وکیل نے دلائل میں کہا کہ مریم نواز اتنی بڑی جماعت کی نائب صدر ہیں اور وہ ایسے بیانات دے رہی ہیں۔ ان کے بیانات سے واضح ہے کہ وہ مشکلات پیدا کریں گی۔

جسٹس سرفراز ڈوگر نے قرار دیا کہ نیب کے پاس ادارے موجود ہیں، ان کی مدد لیں اور حالات کنٹرول کریں۔ لاکھوں لوگ بھی آئیں تو ریاست کے لیے سنبھالنا مشکل نہیں ہوتا۔ لاہور ہائیکورٹ نے واضح کیا کہ قانون کی خلاف ورزی پر قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔

لاہور ہائیکورٹ نے مریم نواز پر کارکنوں کو ساتھ لانے پر پابندی کی استدعا مسترد کرتے ہوئے چیئرمین نیب کی درخواست نمٹا دی۔

یہ بھی پڑھیں: ووٹ کی پرچی جعلی حکومت کے لیے موت کا پروانہ ہے، مریم نواز شریف

ادھر مریم نواز شریف نے ایک بار پھر حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ تین سال عوام کا استحصال کرنے والے عوام میں جانے سے دڑ گئے، ووٹ کی پرچی جعلی حکومت کے لیے موت کا پروانہ ہے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ‏ڈسکہ الیکشن ملتوی ہونے پر خوشیاں منانے والے جانتے ہیں کہ الیکشن تو ہونا ہے، عوام نے ووٹ تو ڈالنا ہے۔

مریم نوز نے لکھا کہ کیوں ڈرتے ہو عوام سے؟ کیوں ڈرتے ہو ووٹ سے؟ کیوں ڈرتے ہو یوم حساب سے؟ اس لیے کہ عوام تم سے بیزار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ کبھی عدالت جاتے کہ عوام کو ووٹ سے روکو، کبھی عدالت جاتے کہ مریم کے ساتھ عوام کو آنے سے روکو۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ تین سال عوام کا استحصال کرنے والے عوام میں جانے سے ڈر گئے۔ یہ ادارے عوام کے ہیں، عوام کے غیظ و غضب سے تمہیں ادارے نہیں بچا سکتے۔ سلیکٹڈ الیکشن سے بھاگے گا نہیں تو اور کون بھاگے گا؟
 

Advertisement