اسلام آباد: (دنیا نیوز) کورونا وائرس کا شکار نیب گواہ بیان دینے احتساب عدالت اسلام آباد پہنچ گیا۔ وباء سے متاثرہ ہونے کے انکشاف پر عدالت میں کھلبلی مچ گئی، کمرہ خالی کروا کے سپرے کرایا گیا۔
اسلام آباد احتساب عدالت کے جج اعظم خان کی عدالت میں نیب ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ نیب گواہ امیر حیدر ملک عدالت میں پیش ہوئے اور استدعا کی کہ بیمار ہوں، جلد بیان ریکارڈ کر کے جانے کی اجازت دی جائے، جس پر جج نے بیماری کی نوعیت پوچھی تو نیب گواہ نے بتایا کہ انہیں کورونا وائرس ہے اور وہ قرنطینہ سے اٹھ کر آئے ہیں۔
گواہ کے انکشاف پر عدالت میں کھلبلی مچ گئی۔ جج اور وکلاء سمیت سماعت میں موجود تمام افراد عدالت سے باہر نکل آئے، کمرہ عدالت نمبر دو ہنگامی بنیادوں پر سپرے کیا گیا۔ کورونا متاثرہ گواہ کو جوڈیشل کمپلیس سے جانے کی ہدایت کی گئی۔ اس سے قبل اسی عدالت میں شاہد خاقان عباسی بھی کو بھی پیش کیا گیا۔