اسلام آباد ہائیکورٹ: نواز شریف کی اپیلوں کی جلد سماعت کیلئے درخواست دائر

Published On 31 March,2021 04:58 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) نے ایون فیلڈ، العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز میں نواز شریف کی اپیلوں کی جلد سماعت کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے متفرق درخواست دائر کی گئی جس میں کہا گیا کہ العزیزیہ ریفرنس، فلیگ شپ ریفرنس اور ایون فیلڈ ریفرنس اپیلیں جلد سماعت کے لیے مقرر کیں جائیں۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ 9 دسمبر 2020ء کو نواز شریف کی اپیلوں پر آخری سماعت تھی جس کے بعد سے مقرر نہیں ہوئیں۔ سپریم کورٹ نے بھی کیسز کو جلد نمٹانے سے متعلق بھی ہدایات جاری کی ہیں۔

نیب نے درخواست میں کہا کہ دو دسمبر کو نواز شریف کو تینوں کیسز میں اشتہاری قرار دیا گیا تھا۔ نیب نے تینوں اپیلوں میں اپنا جواب تیار کیا ہے اور اس پر دلائل کے لیے تیار ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ نیب پراسیکیوٹر عدالت کو یقین دہانی کراتا ہے کہ وہ ہر سماعت پر کیس کی پیروی کے لیے موجود ہوگا۔ نیب نے موقف اختیار کیا کہ مریم نواز کیخلاف ایون فیلڈ ریفرنس اپیل بھی جلد سماعت کے لیے مقرر کی جائے۔

نیب کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ ہدایات جاری کر چکی ہے کہ کرپشن کیسز پر روز سماعت کی جائے، انصاف کے تقاضوں کو پورا کرنے کےلئے اپیلیں جلد سنی جائیں۔

 

Advertisement