لاہور: (دنیا نیوز) ضلعی انتظامیہ لاہور کی کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کروانے کے لئے کاروائیاں جاری ہیں، ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے والوں کو بھاری جرمانے عائد کئے گئے جبکہ مجموعی طور پر 13 دکانیں، سٹورز اور میرج ہالز کو سیل کیا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر سٹی فیصان احمد نے کہا کہ 11 دکانوں کو ایک لاکھ 13 ہزار 500 روپے کے جرمانے عائد کئے گئے۔ چار ریسٹورنٹس اور 3 دکانوں کو سیل کیا گیا۔ اے سی شالیمار نے 11 دکانوں و سٹوروں کو ایک لاکھ 13 ہزار 500 کے جرمانے جبکہ 6 دکانوں کو سیل کیا۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 98 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 15 ہزار 124 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 7 لاکھ 5 ہزار 517 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 ہزار 329 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 2 لاکھ 40 ہزار 584، سندھ میں 2 لاکھ 67 ہزار 612، خیبر پختونخوا میں 94 ہزار 880، بلوچستان میں 19 ہزار 999، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 70، اسلام آباد میں 63 ہزار 499 جبکہ آزاد کشمیر میں 13 ہزار 873 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 58 لاکھ 4 ہزار 877 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 49 ہزار 816 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 6 لاکھ 23 ہزار 399 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 3 ہزار 942 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 98 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 15 ہزار 124 ہوگئی۔ پنجاب میں 6 ہزار 793، سندھ میں 4 ہزار 520، خیبر پختونخوا میں 2 ہزار 519، اسلام آباد میں 591، بلوچستان میں 212، گلگت بلتستان میں 103 اور آزاد کشمیر میں 386 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔