کراچی: (دنیا نیوز) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے وزیراعظم سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا، کہتے ہیں عمران خان مہنگائی پر قابو نہ پانے کی ذمہ داری لیں اورگھر جائیں۔
چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ دنیا بھر کےحکمران اپنےعوام کے فائدے سوچتے ہیں اور عمران خان چندہ لینے کی نئی ترکیبوں پر غور کرتے ہیں۔ آئی ایم ایف کے حکم پر ٹیکسوں کا بوجھ لادنے والے سلیکٹڈ وزیراعظم کے جرائم کو عوام کبھی معاف نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ٹھنڈے کمرے میں بیٹھ کر عمران خان کو ان والدین کی تکلیف کا کوئی احساس نہیں جو بچوں کے اسکول کی فیس تک ادا نہیں کرپارہے، تبدیلی یہ ہے کہ سرمایہ داردوستوں کو ٹیکسوں میں چھوٹ دے کرعام آدمی کو مہنگائی کے شکنجے میں کس دیا جائے۔
بلاول کا مزید کہنا تھا کہ ادویات کی قیمتوں میں سوفیصد سے زائد اضافہ عام آدمی سے زندگی کا حق چھین لینے کے مترادف ہے، غریب کی آواز بننا سیاسی پوائنٹ اسکورنگ نہیں ہے، عمران خان نے آٹے کے 20 کلو کے تھیلے پر 68 روپے زیادہ دینے والے عام آدمی کو روٹی کے نوالے تک سے محروم کرنے کی کوشش کی،جب حکمران خود چور ہوتا ہے تو ملک میں مافیا بے لگام ہوکر زیادہ منافع کے حصول کے لئے ہر چیز مہنگی کردیتا ہے۔