لاہور: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی کو سیاسی تنہائی سے نکالنے کیلئے آصف زرداری متحرک ہوگئے۔ سابق صدر کے مولانا فضل الرحمان سے بیک ڈور رابطے، پیپلز پارٹی کے اہم رہنما نے فضل الرحمان کو سابق صدر کا پیغام پہنچا دیا۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے خواہشن کا اظہار کیا کہ پی ڈی ایم کے آئندہ ہونے والے اجلاس میں پیپلز پارٹی کو مدعو کیا جائے، ہم اپوزیشن اتحاد کا ہی حصہ رہنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مولانا کو اپنے پیغام میں مزید کہا کہ ماضی کو بھول کر حکومت کے خلاف نئی صف بندی کی جائے، آپ پی ڈی ایم کے سربراہ کی حیثیت سے پیپلز پارٹی کو اجلاس کا دعوت نامہ جاری کریں۔
ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے پیپلز پارٹی کی واپسی کے لیے شرط عائد کر دی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اگر اسمبلیوں سے استعفے دینے کا اعلان کرے تو واپسی کا سوچا جاسکتا ہے، بلاول بھٹو نے پی ڈی ایم کا نوٹس پھاڑ کر بچگانہ حرکت کی، آپ نے پی ڈی ایم کا شوکاز نوٹس پھاڑ کر اتحاد کو پارہ پارہ کیا، اب اجلاس میں آکر کیا کریں گے۔