اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیب نے سابق صدرآصف زرداری کے خلاف آٹھ ارب روپے کی بدعنوانی کا ریفرنس دائر کر دیا ۔
جعلی اکاونٹس کیسز سے متعلق نیب کی جانب سے دائر کردہ ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ مشتبہ ٹرانزیکشن کے حوالے سے آصف زرداری کیخلاف ٹھوس شواہد ہیں کہ انہوں نے کلفٹن کراچی کا گھر کرپشن سے بنایا، گھر کی خریداری کیلئے رقم آصف زرداری کے سٹینوگرافر نے دی۔ سٹینو گرافر مشتاق کے اکاونٹ سے گھر کی خریداری کےلیے 15 کروڑ ادا کیے گئے جبکہ آصف زرداری کلفٹن کراچی میں گھر کی خود خریداری کا کوئی ثبوت نہیں دے سکے۔
نیب کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ سٹینو گرافر مشتاق احمد نے سابق صدر کے ساتھ 104 غیرملکی دورے کیے، آصف زرداری اور سٹینو گرافر مشتاق دونوں کا عارضی پتہ مکان 8 ایف ایٹ اسلام آباد ہے،سابق صدر کو کلفٹن کراچی گھرکا سوالنامہ دیا جس کا کوئی جواب نہ دیا گیا، سٹینو گرافر مشتاق کو شامل تفتیش کرنے کی کوشش کی گئی تو ملزم فرار ہوگیا۔