اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اسلامی نظریاتی کونسل پر زور دیا ہے کہ وہ خواتین کے حقوق کے تحفظ اور فروغ یقینی بنانے کیلئے بالخصوص ان کے حق وراثت کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔
اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز سے منگل کے روز اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام نے خواتین کو سماجی و معاشی حقوق دیئے ہیں۔ تاہم معاشرتی رکاوٹوں نے انہیں اپنے حقوق سے محروم رکھا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے قوانین میں جائیداد کے حقوق کے تحفظ اور ان کی خلاف ورزی روکنے کو یقینی بنانے کیلئے ایک قانون تیار کیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اسلامی نظریاتی کونسل علماء اور آئمہ کے تعاون سے خواتین کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
صدر نے کورونا واہرس کے حوالے سے عوام میں آگاہی پیدا کرنے کے حوالے سے حکمت عملی مرتب کرنے کے لئے علماء کی آن لائن کانفرنس منعقد کرنے کے سلسلے میں چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز کی تجویز منظور کر لی۔